منی لانڈنگ کیس، 18 فروری کو شہباز شریف پر فرد جرم عائد ہو گی، فواد چودھری

16

اسلام آباد: فواد چودھری نے کہا ہے کہ بالآخر 18 فروری کو شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر ملزمان کیخلاف منی لانڈنگ کیس میں فرد جرم عائد ہو گی اور باقاعدہ ٹرائل شروع ہو گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ان تحقیقات میں 14 ہزار بینکنگ ٹرانسیکشنز کو کھنگالا گیا، حیرت انگیز تفصیلات سامنے آئیں، مقصود، شہباز شریف کی مل میں چپڑاسی تھا، اس کی تنخواہ 25 ہزار روپے تھی اور اس کے نام پر اکاؤنٹ کھلا اور چار ارب روپے اس کے اکاؤنٹ سے ہوتا ہوا شریف فیملی کے اکاؤنٹس میں پہنچ گیا۔


فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اور درجنوں دلچسپ وعجیب فراڈ شہباز شریف کے اس مقدمے کا حصہ ہیں، مقدمہ براہ راست دکھانے کی اجازت دی جائے۔
خیال رہے کہ آج شہباز شریف خاندان کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز احتساب عدالت پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران شہباز شریف نے استدعا کی کہ عدالت اجازت دے کہ 2 منٹ بات کرنا چاہتا ہوں کیونکہ جو مقدمہ چل رہا ہے یہی میٹریل این سی اے لندن بھجوایا گیا اور ڈیلی میل میں میرے خلاف خبر لگائی گئی جبکہ گرانٹ میں کرپشن کا الزام لگایا گیا اور اے آر یو، نیب، ایف آئی اے نے ریکارڈ این سی اے بھجوایا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے اور سلمان شہباز کیخلاف وہاں تحقیقات ہوئیں اور میں نے غریب الوطنی میں وہاں سوچا کہ کچھ کماؤں کیونکہ میں نے ملکہ برطانیہ کے سہارے تو نہیں رہنا تھا اور میں نے وہاں رہ کر اثاثہ بنایا جس کا سارا ریکارڈ موجود ہے۔

تبصرے بند ہیں.