اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءفیصل واوڈا کی بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے رہنماءفیصل واوڈا کی بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لیتے ہوئے نشست خالی قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
قبل ازیں فیصل واوڈا کی نااہلی کا 27 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا نے امریکی شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروایا اور نہ ہی یہ بتایا کہ کب امریکی شہریت چھوڑی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت فیصل واوڈا اہل شخص نہیں تھے جبکہ آخری سماعت کے وقت فیصل واوڈا کو امریکی شہریت چھوڑنے کی کاپی دکھائی گئی جسے مسترد کر دیا گیا۔
تحریری فیصلے کے مطابق فیصل واوڈا کا غلط بیان حلفی آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے زمرے میں آتا ہے جبکہ ان کی جانب سے جمع کرایا گیا نادرا کا سرٹیفکیٹ بھی معیار پر پورا نہیں اترتا، فیصل واوڈا نے رکن قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیا، وہ رکن اسمبلی کی حیثیت سے حاصل تمام مالی مراعات واپس جمع کروائیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا عوامی عہدہ رکھنے کے دوران حاصل مالی مراعات، تنخواہیں، ٹی اے ڈی اے، رہائشی اخراجات اور دوسری دیگر مراعات 2 ماہ کے اندر سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کروائیں۔
تبصرے بند ہیں.