لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) کے باؤلنگ کوچ عمررشید کو فاسٹ باؤلر محمد حسنین کا باؤلنگ ایکشن درست کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد حسنین کا باؤلنگ ایکشن بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد انہوں نے لاہور میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے منظور شدہ لیب میں ٹیسٹ دیا تھا جس میں ان کا باؤلنگ ایکشن غیر قانونی ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔
محمد حسنین کو باؤلنگ ایکشن غیر قانونی قرار دئیے جانے کے بعد باؤلنگ سے روک دیا گیا جس کے باعث وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں سیزن میں بھی شریک نہیں ہو سکے جو 27 جنوری سے کراچی میں شروع ہو چکا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے ان کی ٹیسٹ رپورٹ کی تصدیق کی اور پی سی بی کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ محمد حسنین کے بازو کا خم 15 ڈگری سے زیادہ ہوتا ہے۔
محمد حسنین نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) کے باؤلنگ کوچ عمر رشید کیساتھ کام کرتے ہوئے اپنا باؤلنگ ایکشن درست کریں گے اور پھر ٹیسٹ میں کلیئر ہونے کے بعد ہی انہیں دوبارہ باؤلنگ کی اجازت دی جائے گی۔
تبصرے بند ہیں.