لاہور: کراچی میں پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے مرحلے میں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں جبکہ شائقین کرکٹ کا جوش و خروش بھی ہر گزرتے دن کیساتھ بڑھ رہا ہے، صورتحال کو دیکھتے ہوئےپاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) لاہور کے میچز کیلئے تماشائیوں کی تعداد 50 فیصد تک بڑھانے کا خواہشمند ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ حکام نے لاہور کے مرحلے کیلئے میچز میں 50 فیصد تک تماشائیوں کی اجازت کیلئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر(این سی او سی) سے رابطہ کر لیا ہے اور تعداد بڑھانے کی اجازت مانگ لی ہے۔کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل کے پہلے مرحلے میں 25 فیصد تماشائیوں کی اجازت ہے ۔
ذرائع کے مطابق لاہور کے مرحلے کے لیے تماشائیوں کی تعداد کا فیصلہ اگلے ایک دو روز میں ہوگا،تاہم 27 فروری تک جاری رہنے والے آخری مرحلے میں 50 فیصد تماشائیوں کو اجازت ملنے کے لیے پی سی بی پر امید ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 7 میں لاہور میں کھیلے جانے والے مقابلوں کا آغاز 10 فروری سے ہو گا جس کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
تبصرے بند ہیں.