ملکی ترقی کی خاطر حکومتی پالیسیوں کے عملدرآمد میں پورا ساتھ دیں گے، آرمی چیف

28

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کی خاطر حکومتی پالیسیوں کے عملدرآمد میں پورا ساتھ دیں گے۔

 

وزیر اعظم سے معروف صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد نے ملاقات کی اور اس ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود تھے۔ حکومت اور صنعتکاروں نے کم سے کم ماہانہ اجرت بڑھانے پر اتفاق کیا اور صنعتوں کے فروغ کے لیے طویل المدتی پالیسیوں کے تسلسل پر زور دیا۔

 

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملکی ترقی کی خاطر حکومتی پالیسیوں کے عملدرآمد میں پورا ساتھ دیں گے۔ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں اشتراک سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

 

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کو عالمی منڈی میں مہنگائی اور اس کی وجہ سے عوام پر بوجھ کا احساس ہے اور عام آدمی کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ صنعتکار عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر چلیں۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) منشور میں اقتدار سے پہلے آئی ٹی اور ٹیکسٹائل کی برآمدات کی پالیسی شامل تھی۔ پالیسی کے ثمرات اب واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔

 

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کی 10 بڑی کمپنیوں نے پچھلے سال 929 ارب روپے منافع کمایا اور حکومت نے سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کے لیے تاریخی اقدامات کیے۔

 

تبصرے بند ہیں.