لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں سیزن میں شرکت کیلئے انگلینڈ کے 6 کرکٹرز کل کراچی پہنچیں گے اور کوویڈ 19 ٹیسٹ و قرنطینہ کی شرائط مکمل کرنے کے بعد اپنی اپنی ٹیموں کو جوائن کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق انگلش کرکٹر جیمز وینس، جیسن روئے، فل سالٹ، ثاقب محمود، ہیری بروکس اور کرس جارڈن ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں شرکت کے بعد پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 7 کا آغاز 27 جنوری سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہو چکا ہے جس میں دلچسپ مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں اور 7 فروری تک یہ میلہ کراچی میں ہی جاری رہے گا۔
پی ایس ایل کا دوسرا مرحلہ 10 فروری سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہو گا جو 27 فروری تک جاری رہے گا اور اس دوران مجموعی طور پر 19 میچز کھیلے جائیں گے۔
دوسری جانب ملتان سلطانز کی ٹیم تین ویسٹ انڈین کرکٹرز کی خدمات سے محروم ہو گئی ہے کیونکہ تینوں کھلاڑی فروری میں بھارت کیخلاف شیڈول ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کیلئے منتخب ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ روومین پاول، اوڈین سمتھ اور ڈومینک ڈریکس تینوں کو فروری میں شیڈول دورہ بھارت کیلئے منتخب کیا گیا ہے، روومین پاول کے متبادل کے طور پر جونسن چارلز ملتان سلطانز کیلئے پورا ٹورنامنٹ کھیلیں گے۔
تبصرے بند ہیں.