پی ایس ایل 7 کی افتتاحی تقریب، سٹیڈیم میں رنگوں کی بہار آ گئی

19

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز رنگارنگ افتتاحی تقریب کیساتھ ہوا جس دوران سٹیڈیم روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔ پیراٹروپرز نے طیارے سے چھلانگ لگانے کا زبردست مظاہرہ کیا اور پی ایس ایل کا آفیشل ٹریک گانے والے عاطف اسلم نے تقریب میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہونے والی افتتاحی تقریب کا آغاز خوبصورت روشنیوں کیساتھ ہوا اور گراﺅنڈ میں گو یا رنگوں کی بہار آ گئی۔ جس کے بعد سٹیڈیم کی سکرین پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کی آواز میں پاکستان کرکٹ کی شاندار تاریخ ڈاکیومنٹری کی صورت میں بیان کی گئی۔

اس دوران پاکستان کرکٹ کی تاریخ کی شاندار فتوحات کی جھلکیاں دکھائی گئیں اور دنیائے کرکٹ کے افق پر جگمگانے والے پاکستانی ستاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ پی ایس ایل کے گزشتہ ایڈیشنز میں رونماءہونے والے دلچسپ لمحات کی جھلکیاں بھی شائقین کرکٹ کیلئے پیش کی گئیں۔
بعد ازاں تین پیراٹروپرز نے آسمان سے چھلانگ لگائی اور نیشنل سٹیڈیم کراچی میں اترنے کا زبردست مظاہرہ کیا اور وہاں موجود شائقین کرکٹ نے تالیوں کی گونج میں ان کا بھرپور استقبال کیا جس کے بعد معروف گلوکار عاطف اسلم اور آئمہ بیگ اپنی آواز کا جادو جگایا۔ وزیراعظم عمران خان کا لیگ کے افتتاح کا پیغام بھی سکرین پر دکھایا گیا۔

تبصرے بند ہیں.