شاہد آفریدی کی پی ایس ایل میں شرکت مشکوک

36

 

کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

 

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے انعقاد سے صرف ایک روز قبل شاہد آفریدی کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے جس کے باعث انکی میگا ایونٹ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے، تاہم  سابق قومی کرکٹر  کے میڈیکل چیک اپ کے بعد پی ایس ایل میں شرکت کے حوالے سے حتمی اعلان ہو گا۔

 

خیال رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹریننگ سیشن کے دوران شاہد آفریدی کو کمر کی تکلیف کی شکایت ہوئی۔

 

دوسری جانب پی ایس ایل کے 7 ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا چکی ہے اور پاکستانی شائقین کرکٹ نے بھی اپنی تمام  تر  توجہ کل ہونے والی افتتاحی تقریب  پر مرکوز کر دی ہے۔ تقریب کل شام  6:30  بجے  کراچی کے نیشنل  اسٹیڈیم میں منعقد ہو گی جس کے ساتھ ہی ملک کے میگا کرکٹ ایونٹ پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کا رنگا رنگ آغاز ہو جائے گا۔

 

پی سی بی حکام نے افتتاحی تقریب کی ریہرسل کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کو جگمگا دیا ہے،  ریہرسل کے دوران پیراگلائیڈرز نے گراؤنڈ میں منفرد انٹری کی۔

 

وزیر اعظم عمران خان بھی پی سی بی چئیر مین رمیز راجہ کیساتھ پہلے ہی پی ایس ایل کے تازہ ترین اشتہار کے ساتھ جوش و خروش میں مزید اضافہ کر چکے ہیں، تاہم اب افتتاحی تقریب کیلئے انتظار کی گھڑیاں بھی ختم ہونے کو ہیں۔

تبصرے بند ہیں.