لاہور: عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور عوام کی آواز کو حکام بالا تک پہنچانے کیلئے نکلنے والے رپورٹر کو عوام ہی تنہا چھوڑ گئی، دلچسپ واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایک مقامی چینل کا صحافی عوامی مسائل کو سامنے لانے اور عوام کی آواز بننے کیلئے شہریوں کے درمیان گیا لیکن ساتھ کھڑی عوام ہی اچانک منظر سے غائب ہو گئی، تمام تر واقعے کی ویڈیو کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کر لی جو گزشتہ روز سے انٹرنیٹ پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مائیک تھامے صحافی اپنے ارد گرد کچھ مقامی لوگوں کو اکھٹا کیے نظر آتا ہے اور کہتا ہے کہ عوامی مسائل کی بات کی جائے تو اس وقت میونسپل کمیٹی کی نااہلی کے باعث پورا کوٹ چٹھا شہر کچرا کنڈی کا منظر پیش کررہا ہے۔
صحافی کہتا ہے کہ میں اس وقت جناح کالونی کی گلی نمبر ایک میں موجود ہیں جہاں پر کچرا پھیلنے سے تعفن اٹھ رہا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔تاہم جونہی صحافی عوامی رائے جاننے کیلئے اپنے پیچھے دیکھتا ہے پہلے پہل موجود تمام مقامی لوگ غائب ہو چکے ہوتے ہیں جس پر رپورٹر کا ردِ عمل اور کہے گئے الفاظ ‘کدھر گئے’ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے اور وہ اس پر دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.