چین کی کمیونسٹ پارٹی کا شہباز شریف کو خط

34

پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد چین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی(سی پی سی)نے ان سے اظہار ہمدردی اور نیک تمنائوں کے پرتپاک جذبات کا اظہار کیا ہے ۔سی پی سی کے سنٹرل کمیٹی کے بیورو آف سائوتھ اینڈ ایسٹ کے ایشیائی امور کے ڈائریکٹر جنرل میم یومن نے شہباز شریف کو خط ارسال کیا ہے کہ آپ کے کورونا میںمبتلا ہونے کی خبر پر اظہار ہمدردی کرتے ہوئے آپ کی جلد صحت یابی کے متمنی ہیں ۔پاکستان کے سیاسی منظر نامے میں ایک قدآور اور اسٹیٹس مین اور چین کے دیرینہ دوست کے طور پر آپ نے دونوں جماعتوں اور ممالک کے درمیان تعلقات کو گہرا کرنے اور عوام میں دوستی بڑھانے کے لئے جو طویل المدتی کوششیں کی ہیں چین ان اچھی یادوں کو ہمیشہ خوشی سے یاد کرتا ہے ۔کمیونسٹ پارٹی کے قیام کے سو سال مکمل ہونے پر آپ کے تہنیتی پیغام کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔کورونا وباء کے دوران کمیونسٹ پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ(ن)شانہ بشانہ کھڑے ہوئے اور ایک دوسرے کی حمایت کی ہے جس سے ہمار ے در میان اور بھی زیادہ قربت آئی ہے ۔کورونا کے خلاف جنگ میں ہم چین کی طرف سے آپ کی جماعت کو ہر ممکنہ مدد کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔دعا ہے کہ پاکستان اس وباء کو جلد شکست دے ۔کورونا کے پس منظر میں ہم دونوں
جماعتوں کے درمیان مزید رابطوں اور تبادلوں پر آمادہ ہیں تاکہ عوام کے مفاد میں ہمارے دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں سے ہمکنار ہوں ۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اس سے قبل بھی جب کورونا میں مبتلا ہوگئے تھے چین کی جانب سے انہیں دو مرتبہ علاج کی پیشکش کی گئی تھی ۔چین کے قونصلر جنرل کی جانب سے محمد شہباز شریف کو خط لکھا گیا تھا ۔چین کی حکومت ہمیشہ محمد شہباز شریف کی خدمات کو سراہتی ہے ۔شہباز شریف اقتدار میں نہیں لیکن پھر بھی چین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے انہیں خط لکھا گیا ہے جو کہ پاکستانی قوم کے لئے فخر کی بات ہے ۔چین ،ترکی سمیت دیگر ممالک بھی شہباز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کے معترف ہیں لیکن حکمران شہباز شریف سے ان کی کارکردگی کی وجہ سے خائف ہیں ۔حکومت کے ساڑھے تین سالوں کی کارکردگی سے عوام بیزار ہو چکے ہیں ۔ملک میں گیس،بجلی کی قیمتیں دگنی ہو گئی ہیں ۔کسانوں کو کھاد نہیں مل رہی ہے ۔زرعی اجناس کی قیمتیں بھی کسانوں کی قوت خرید سے باہرہو چکی ہیں اور منی بجٹ سے اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ ملک معاشی بحران کا شکار ہے۔ آج ملک میں تاجر ،صنعتکار ،سرمایہ کار ،مزدور ،طلبہ ،سرکاری ملازمین سمیت ہر طبقہ پریشان اور مایوسی کا شکار ہے ۔حکمران اپنی تمام تر توانائیاں سیاسی مخالفین اور شہباز شریف کے خلاف استعمال کر رہے ہیں ۔سی پیک منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے شہباز شریف نے اپنے دور اقتدار میں دن رات کام کیا اور توانائی سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جس پر چین کی حکومت نے انہیں (پنجاب سپیڈ)کے خطاب سے نوازا ۔وزیراعلیٰ کی حیثیت سے شہباز شریف کے دورہ چین کے موقع پر ایگزیم بینک آف چائنہ کی چیئرپرسن نے پنجاب میں چائنہ پاکستان کوریڈور کے تحت منصوبوں کی تعمیر کی تیز رفتاری کو تاریخی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب نے شین زن کی اصطلاح کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اب چین میں تیز رفتاری سے منصوبے مکمل کرنے کے حوالے سے پنجاب سپیڈ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے ۔واضح رہے کہ شین زن چین کے ان شہروں میں شامل ہے جہاں پر چین کا پہلا انڈسٹریل وا کنامک زون بنایا گیا اور چینیوں نے وہاں پر جناتی انداز میں کام کر کے سب کو حیران کر دیا تھا ۔چین کے دورے کے موقع پر اس وقت کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو پنجاب سپیڈ کے خطاب کو چینی میڈیا نے غیر معمولی کوریج دی تھی کہ پاکستان اور چین کے درمیان بننے والی شاہراہ معیشت کی تعمیر میں شہباز شریف کا اہم رول ہے۔اسی طرح شہباز شریف کو چینی میڈیا نے مین آف ایکشن اور انہیں ایک محنتی اور ذہین شخصیت قرار دیا تھا اور لکھا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کے منصوبوں کی بروقت تکمیل میں شہباز شریف کا اہم کردار رہا ہے ۔قوم سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ مخلص ،نڈر سیاسی لیڈ ر محمد شہباز شریف کی صحت یابی کیلئے دعا کریں ۔انہوں نے جس طرح ماضی میں قوم کی خدمت کی تھی صحت یابی کے بعد دوبارہ ملک اور قوم کی خدمت کریں گے ۔

تبصرے بند ہیں.