احمد جواد کا رکنیت ختم کیے جانے کے پارٹی فیصلے کیخلاف عدالت جانے کا فیصلہ

24

لاہور: پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے رکنیت ختم کیے جانے کے پارٹی فیصلے کے خلاف عدالت جانےکا فیصلہ کیا ہے۔

 

احمد جواد کا کہنا تھا کہ پارٹی سے غیر قانونی طور پر نکالا گیا جبکہ پی ٹی آئی کا کارکن اور ووٹر عمران خان کا اصل چہرا پہچان چکا ہے۔ اس قوم کے ساتھ 74 سالوں میں اتنا بڑا دھوکا نہیں ہوا اور اوور سیز پاکستانیوں کو اے ٹی ایم کی طرح استعمال کیا گیا۔

 

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے گذشتہ دنوں تحریک انصاف کی پالیسیوں پر آواز اُٹھائی تھی اور وزیراعظم کے قریبی ساتھیوں کو ہدفِ تنقید بنایا اس کے علاوہ انہوں نے پی ٹی آئی دور حکومت میں ارب پتی بننے والوں کے نام بھی سامنے لانےکا اعلان کیا تھا۔

 

گذشتہ روز تحریک انصاف نے اعلامیہ جاری کیا تھا جس کے مطابق سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کی پارٹی رکنیت قیادت کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے کی وجہ سے ختم کر دی گئی ہے۔

 

اعلامیے میں کہا گیا کہ احمد جواد کو صفائی کا موقع دیتے ہوئے 12 اور 19 جنوری کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کیے گئے اور احمد جواد نے اپنی صفائی پیش کرنے کے بجائے الزامات کی نئی فہرست قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب کو بھجوا دی ۔

 

تبصرے بند ہیں.