اسلام آباد: ملک کے تین بڑے شہروں میں این سی او سی کی ہدایات کی روشنی میں کورونا کی مثبت شرح 10 فیصد سے زائد ہونے پر ان ڈور ڈائننگ پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) مطابق پاکستان میں 6 ماہ بعد کورونا کے ایک دن میں ریکارڈ مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد این سی او سی کی ہدایات کے مطابق آج سے 3 شہروں میں ریسٹورنٹس میں اِن ڈور ڈائننگ کی سہولت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔جن میں اسلام آباد، کراچی اور حید رآباد شامل ہیں۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے پابندی کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ان ڈور ڈائننگ پر 21 جنوری سے مکمل پابندی عائد کی جارہی ہے۔
دوسری طرف محکمہ داخلہ سندھ نے بھی ترمیمی نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں ان ڈور ڈائننگ پر عائد پابندی کا اطلاق 24 جنوری کے بجائے 21 جنوری سے کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ آج ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 7 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس سے پہلے گزشتہ برس 13 جون کو پاکستان میں چھ ہزار 825 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد یہ شرح بتدریج گر گئی تھی اور ملک میں کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں میں نرمی کی گئی تھی۔تاہم کورونا کے نئے ویرنٹ نے ایک بار پھر ملک میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے اور کیسز میں مسلسل اضافے کے بعد رواں ہفتے کے آغاز میں کورونا مثبت کیسز کی دس فیصد شرح تک پہنچنے والے شہروں میں این سی او سی نے مختلف عارضی پابندیوں عائد کر دی تھیں، جن میں تعلیمی اداروں ، شادی تقریبات، پبلک ٹرانسپورٹ اور فضائی سفر سے متعلق پابندیاں لگائی گئی تھیں۔
تبصرے بند ہیں.