کراچی، ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ملزم گرفتار

6

کراچی: ملک دشمن سرگرمیوں اور سائبر کرائم میں ملوث ایک ملزم کو حساس ادارے کی مدد سے رضویہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔

 

ملزم کی نشاندہی پر ملیر میں چھاپہ مار کر کمپیوٹر اور دیگر آلات سمیت دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ سپرنٹنڈنٹ  آف پولیس انویسٹی گیشن سینٹرل شہلا قریشی کے مطابق رضویہ سے گرفتار دہشت گردی کے ملزم سفیان نقوی سے تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

 

 ملزم سفیان نقوی نے غیر ملکی اداروں کی مدد سے پاکستان میں متحرک سائبر وار فیئر نیٹ ورک کے بارے میں سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ ملزم کی نشاندہی پر پولیس اور حساس اداروں نے ملیر میں چھاپہ مار کارروائی کی، چھاپہ مار ٹیم کی سربراہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن شہلا قریشی نے کی۔

 

پولیس کے مطابق چھاپے کے دوران ملزم کے گھر سے کمپیوٹر اور دیگر الیکڑانک آلات برآمد ہوئے جبکہ ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں ملزم کو تین دن پہلے گرفتار کیا گیا تھا۔

 

 گرفتار ملزم عدالت سے ریمانڈ پر پولیس کے پاس زیر تفتیش ہے اور ایس پی شہلا قریشی کے مطابق اسلحہ اور دستی بم کے ساتھ گرفتار ملزم نے سائبر سیل کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔ پاکستان سے باہر بیٹھے ملک دشمن عناصر سائبر سیل کے لیے نوجوانوں کو ملازمتوں کی پیشکش کر کے ملک کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔

 

تبصرے بند ہیں.