بی این اے نام کی ایک تنظیم نے لاہور دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے: سرفراز بگٹی

23

کوئٹہ: بلوچستان کے سابق وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ’بی این اے‘ نام کی ایک تنظیم نے لاہور کے معروف انارکلی بازار میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ 
نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے لاہور دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ کرنے والوں کو ناراض بلوچ کہنا چھوڑ دیں کیونکہ یہ بلوچ نہیں بلکہ دہشت گرد ہیں جنہوں نے لاہور میں معصوم لوگوں پر حملہ کیا ہے۔ 
واضح رہے کہ لاہور کے معروف انارکلی بازار میں واقع پان منڈی میں زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ کمشنر لاہور نے واقعے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔
پولیس کے مطابق زوردار دھماکے کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے جبکہ قریب موجود بینک کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا، دھماکہ ہوتے ہی پولیس، بم ڈسپوزل سکواڈ، ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کا عملہ فوری پہنچ گیا۔
ریسکیو اداروں اور فائر بریگیڈ نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے آگ بجھائی اور جھلس جانے والے افراد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.