شاہد آفریدی کا کپتانی نہ لینے کا مشورہ کیوں نہیں مانا؟ شاہین آفریدی نے وجہ بتا دی

32

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے قومی ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور جارح مزاج بلے باز شاہد آفریدی کی جانب سے کپتانی نہ لینے کا مشورہ نہ ماننے کی وجہ بھی بتا دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز نے ٹورنامنٹ کے ساتویں ایڈیشن کیلئے شاہین شاہ آفریدی کو قیادت سونپی ہے جو 27 جنوری سے کراچی شروع ہونے جا رہا ہے اور اس کے دوسرے مرحلے کے میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ 
شاہین شاہ آفریدی نے حال ہی میں دئیے گئے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ شاہد آفریدی کیساتھ کپتانی کے موضوع پر بات چیت ہوئی تھی اور ان کے خیال میں قیادت کی ذمہ داری لینے سے میری باؤلنگ متاثر ہو گی، اس لئے انہوں نے مجھے مشورہ دیا تھا کہ کپتان بننے کا فیصلہ ابھی مت کرو۔ 
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ میرے خیال میں انسان کو کسی چیز کا موقع ملے تو اسے ضرورت حاصل کرنا چاہئے اور میں نے ایسا ہی کیا، لاہور قلندرز انتظامیہ نے مجھے قیادت کی ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا جسے میں نے قبول کر لیا اور امید ہے کہ میں ان کی امیدوں پر پور اتروں گا۔ 
قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی کپتانی یقینا ایک چیلنج ہے مگر محمد حفیظ اور فخر زمان جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی سے بہت آسانی ہو گی، میں 2018ءسے اس ٹیم کے ساتھ ہوں اور مجھے یہاں بہت پیار ملا ہے، مجھے جو کچھ بھی چاہئے تھا، لاہور قلندرز نے مجھے مہیا کیا اور مجھ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ 
واضح رہے کہ چند روز قبل شاہد خان آفریدی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ میری شاہین سے بات ہوئی تھی تو میں نے اسے کپتانی لینے سے منع کیا تھا، میں نے شاہین آفریدی کو سمجھایا تھا کہ آپ ایک، دو سال رک جائیں اور اپنی باؤلنگ پر توجہ دیں، مگر وہ بھی آفریدی ہے، اس لئے میری بات نہیں سنی۔ 

تبصرے بند ہیں.