پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کی منظوری دیدی

9

اسلام آباد: ججز تقرری سے متعلق پارلیمانی کمیٹی نے جوڈیشل کمیشن کی سفارش پر جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ججز تقرری سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پی پی رہنماءفاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت ہوا جس میں کمیٹی نے جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کی منظوری دی۔ 
چیئرمین کمیٹی فاروق نائیک کا کہنا تھا کہ عائشہ ملک کے نام کی منظوری اتفاق رائے سے دی گئی، ہم سینیارٹی کے طریقہ کار کو ختم نہیں کر رہے بلکہ ایک خاتون کی پہلی بار تقرری ہورہی ہے تو ملکی مفاد میں اس کی منظوری دی ہے۔ 
واضح رہے کہ جسٹس عائشہ اے ملک 1966ءکو پیدا ہوئیں اور ابتدائی تعلیم پیرس، نیویارک اور پھر کراچی سے حاصل کی۔ انہوں نے کراچی سے بی کام کرنے کے بعد لاہور سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔ 
جسٹس عائشہ ملک نے ہارورڈ لا سکول امریکہ سے ایل ایل ایم کیا اور 27 مارچ 2012ءکو لاہور ہائیکورٹ کے جج کے طور پر حلف اٹھایا تھا۔ وہ مارچ 2031ءتک عدالت عظمیٰ میں رہیں گی۔ 

تبصرے بند ہیں.