نیب نے مریم نواز کی بریت کی درخواست کیخلاف عدالت میں جواب جمع کرا دیا

22

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) نائب صدر مریم نواز کی بریت کی درخواست کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع کرا دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز کی بریت کی درخواست ناقابل سماعت ہے جس میں بیان کئے گئے حقائق درست نہیں جبکہ درخواست میں عائد کئے گئے الزامات پر سپریم کورٹ بھی فیصلہ دے چکی ہے، مریم نواز شریف پر مثالی جرمانہ عائد کرنے کی استدعا کی جاتی ہے۔ 
اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیب کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں قانون کے مطابق سزا سنائی اور ٹرائل کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس کا شفاف ٹرائل ہوا۔ مریم نواز کے والد نواز شریف، بھائی حسن اور حسین نواز عدالتی مفرور ہیں، نواز شریف بتائیں لندن جائیدادیں کیسی خریدیں؟ پیسہ کیسے منتقل کیا؟
نیب کے جواب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے نگراں جج مقرر کیا، مریم نواز کی درخواست ناصرف عدالت کے ساتھ دھوکہ دہی کے مترادف ہے بلکہ مریم نواز کے نگراں جج پر الزامات توہین عدالت کے زمرے میں آتے ہیں کیونکہ پانامہ کیس کی سماعت کرنے والے جج اب بھی جوڈیشل سروس میں ہیں۔

تبصرے بند ہیں.