پاکستان میں مہلک وائرس بے قابو ، 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

39

اسلام آباد: پاکستان میں مہلک وائرس بے قابو ہونے لگا، مزید 10 مریض انتقال کر گئے جبکہ 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔

 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر ( این سی او سی ) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق  گزشتہ  24گھنٹے کے دوران  53 ہزار 253 ٹیسٹ کیے گئے  جبکہ  5ہزار34 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔این سی او سی کے  مطابق کورونا سےمتاثرہ مریضوں کی تعداد13 لاکھ 33 ہزار521 ہوچکی ہےجبکہ 12لاکھ 64 ہزار611  مریض اب تک صحت یاب ہوچکےہیں۔

ملک بھر میں کورونا میں مبتلا  مزید 10  افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 29ہزار 29ہوگئی  جبکہ  827 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جو آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔

 

دوسری جانب ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے بعد  این سی او سی کا آج تعلیمی اداروں کے حوالے سے  اہم اجلاس ہو گا جس میں تعلیمی اداروں  میں بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹنگ کے علاوہ   آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سےغور کیا جائے گا۔

 

این سی او سی  کا کہنا ہے کہ  اسکولوں میں کورونا کیسز کا ڈیٹا اکھٹا کیا جائے گا اور مثبت کیسز کی شرح دیکھ کر آئندہ کےلیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومتیں 48 گھنٹے میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے نئی ایس او پیز جاری کریں گی۔

 

گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بندش سے  پہلے بچوں کا کافی نقصان ہوچکا ہے اب مزید  بند نہیں کیا جا سکتا۔دیگر  صوبائی وزرائے تعلیم نے بھی  تعلیمی اداروں کو مزید بند نہ کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے اپنی متفقہ  رائے دیتے ہوئے کہا جب تک دیگر چیزیں بند نہیں ہوں گی اس وقت تک تعلیمی ادارے بھی بند نہ کیے جائیں ۔ تاہم  این سی او سی کے آج ہونے والے  اہم اجلاس میں  حتمی فیصلہ متوقع ہے۔

تبصرے بند ہیں.