اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کرنے کے معاملے پر رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کا ردعمل سامنے آگیا۔
نور عالم خان کا کہنا تھا کہ پرویزخٹک مجھے کس حیثیت میں شوکاز جاری کریں گے؟ پرویز خٹک پارٹی کے چیئرمین نہیں ہیں۔ میں نے پارٹی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی نہیں کی، بتایا جائے میں نے کہاں پارٹی کے کوڈآف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی؟
نور عالم خان کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بیروزگاری پر بات کرنا خلاف ورزی ہے تو میں نے کی ہے اور کرتا رہوں گا جبکہ پھر مجھے ایک نہیں 100 بار شوکاز جاری کیے جائیں اور مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ میں منتخب نمائندہ ہوں اور عوام کے مسائل کو اجاگر کرنا میری ذمہ داری ہے اور میں یہ ذمہ داری ادا کرتا رہوں گا۔
خیال رہے کہ حکومت پر تنقید کرنے پر پی ٹی آئی نے اپنے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کو شوکاز جاری کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نور عالم خان کو پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدرپرویز خٹک شوکاز جاری کریں گے۔
واضح رہے کہ نور عالم خان نے نجی ٹی وی کے پروگرام اور اسمبلی فلور پر سینیئر قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جبکہ اس کے علاوہ انہوں نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی حکومتی پالیسیوں پر سخت تنقید کی تھی۔
تبصرے بند ہیں.