تہران: ایران نے سعودی عرب میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کا عندیہ ہے جو 2016 میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث بند کر دیا گیا تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات کے پانچویں دور کی کامیابی کے بعد آج ایک اہم ملاقات جدہ میں جاری ہے۔ ایران کے 3 اہم سفارت کار جدہ پہنچے ہیں جہاں وہ اپنے ملک کے او آئی سی کا نمائندہ دفتر کا دوبارہ افتتاح کریں گے جو دونوں ملک کے درمیان کشیدگی کے باعث 6 سال سے بند تھا۔
ایران کے وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے سفارت کاروں کی جدہ روانگی کی تصدیق کی تاہم انھوں نے ان کے نام نہیں بتائے۔ ترجمان خطیب زادہ نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ ایران اب سعودی عرب میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کے لیے بھی تیار ہے لیکن اس کے لیے سعودیہ کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
2016 میں سعودی عرب میں شیعہ عالم دین کا سر قلم کرنے کے بعد تہران اور مشہد میں سعودی سفارت خانوں پر حملے کیے گئے تھے جس کے بعد دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات منقطع ہوگئے تھے۔
تاہم گزشتہ برس عراق کی کوششوں سے ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات کے 5 دور ہوچکے ہیں اور دونوں ممالک نے مذاکرات کی کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.