شمال مشرقی و مغربی بلوچستان میں بارش برسانے والا نیا سسٹم داخل

45

کوئٹہ: شمال مشرقی و مغربی بلوچستان میں بارش برسانے والا نیا سسٹم داخل ہوگیا جس کے باعث شہر میں مطلع ابرآلود ہونے کیساتھ ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور بارش کے علاوہ برف باری کا امکان بھی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر زیارت حبیب ناصر کا کہنا ہے کہ وادی زیارت میں ایک انچ تک برف باری ہوئی جس کے باعث سڑکوں پر پھسلن ہے جسے ختم کرنے کیلئے نمک ڈالا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ حافظ قاسم کا کہنا ہے کہ کان مہترزئی، کنجوغی میں بھی برف باری ہوئی تاہم اس سے ٹریفک کی روانی میں کوئی مسئلہ نہیں ہوا اور کوئٹہ، ژوب ہائی وے ، کان مہترزئی کے مقام پر آمدورفت بحال ہے۔
دوسری جانب پاکستان اور ایران کے سرحدی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور بالائی علاقوں میں تیز سرد ہوائیں چلنے کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں آج شام سے بارش اور برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے جس کے باعث رابطہ سڑکیں بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

تبصرے بند ہیں.