بارش اور برفباری کے دوسرے سپیل کیلئے تیار ہوجائیں ،محکمہ موسمیات نے خبر دیدی

55

اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے بارشوں کے دوسرے سپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہفتے بارش اور برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو سکتا ہے ۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق ہلکی درمیانی بارشوں کا سلسلہ ملک کے مغربی و بالائی علاقوں میں منگل کے روز داخل ہوگا، سلسلہ جمعرات تک بالائی علاقوں میں موجود رہے گا۔

ماہر ین موسمیات کے مطابق منگل اور بدھ کے دوران کوئٹہ، زیارت پشین، قلعہ عبداللہ ،کوہلو اور بارکھان میں بارش برفباری کی توقع ہے، منگل سے جمعرات کی صبح تک اسلام آباد سمیت کشمیر گلگت بلتستان، چترال، دیر کالام، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، باجوڑ، کرم، وزیرستان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، راولپنڈی ،اٹک ،چکوال ،جہلم ،گجرات ،منڈی بہاؤالدین ،سیالکوٹ نارووال، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، حافظ آباد، گوجرانوالہ، لاہور اور قصور میں بھی بارش کی توقع ہے۔

دوسری جانب پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق منگل رات سے جمعرات کے دوران مری گلیات، نتھیا گلی، کاغان، ناران، چترال، دیر، سوات، کوہستان، استور، ہنزہ ، گلگت ،وادی نیلم، باغ اور حویلی کے اضلاع میںبرفباری کی توقع ہے۔

 محکمہ موسمیات کا کہناہےکہ گندم کی فصلوں کے لیے بارش فائدہ مند ثابت ہوگی جبکہ منگل اور بدھ کو دیر، مالاکنڈ، ہزارہ، سوات، کوہستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے،ماہرین موسمیات کا کہنا ہے بارشوں کے بعد حالیہ شدید دھند میں کمی کی توقع ہے ، اس تناظر میں محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

تبصرے بند ہیں.