اسلام آباد: ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ کچھ چینلز پر غلط خبریں چلائی جا رہی پرویز خٹک صاحب کی بات چیت کے بارے میں اور وہ اس وقت بھی وزیراعظم چیمبر میں موجود ہیں۔۔
معاون خصوصی وزیراعظم ڈاکٹر شہباز گل نے ٹویٹ کی ہے کہ کچھ چینلز پر غلط خبر چلائی جا رہی پرویز خٹک صاحب کی بات چیت کے بارے۔ ابھی جب تھوڑی دیر میں بل پاس ہو جائے گا تو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا اور یہ تمام جھوٹی خبریں ابھی فوت ہو جائیں گی۔ خٹک صاحب اس وقت بھی وزیراعظم چیمبر میں موجود ہیں۔
کچھ چینلز پر غلط خبر چلائی جا رہی پرویز خٹک صاحب کی بات چیت کے بارے۔ ابھی جب تھوڑی دیر میں بل پاس ہو جائے گا تو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔ اور یہ تمام جھوٹی خبریں ابھی فوت ہو جائیں گی۔ خٹک صاحب اس وقت بھی وزیراعظم چیمبر میں موجود ہیں۔
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) January 13, 2022
خیال رہے کہ ملک میں گیس بحران کے معاملے پر پارلیمانی پارٹی اجلاس کے دوران وزیر دفاع پرویز خٹک نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس کے دوران گیس کے معاملے پر حماد اظہر اور پرویز خٹک کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ہے۔ جس کے بعد وزیر دفاع اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔
اجلاس کے دوران پرویز خٹک اور وزیراعظم عمران خان بھی آمنے سامنے آئے، وزیردفاع نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں وزیراعظم پر بھی تنقید کی۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا ہے، خیبرپختونخوا میں گیس پر پابندی ہے، گیس بجلی ہم پیدا کرتے ہیں اور پس بھی ہم رہے ہیں، اگر آپ کا یہی رویہ رہا تو ہم ووٹ نہیں دے سکیں گے۔
اسی دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اگر آپ مجھ سے سے مطمئن نہیں تو کسی اور کو حکومت دے دیتا ہوں۔ مجھے بلیک میل مت کرو، ووٹ نہیں دینا تو مت دو، میرے کوئی کارخانے نہیں ہیں، مجھے کوئی بلیک میل نہیں کرسکتا ،میں ملک کی جنگ لڑ رہا ہوں، مجھے کوئی حکومت کا شوق نہیں، میری جنگ ملک کے مفاد کی جنگ ہے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ اجلاس سے ناراض ہوکر نہیں سگریٹ پینے باہر گیا تھا۔ اجلاس کے دوران اپنے حق کی بات کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ اجلاس میں اراکین نے گیس سے متعلق سوالات کئے، اراکین کو سوالات پر مطمئن کرنے میں کامیاب رہا، وزیراعظم نے بتایا کہ ملک میں گیس کے ذخائر کم ہورہے، باہر سے گیس منگواکر گھریلو ضروریات پوری کی جائیں گی۔
تبصرے بند ہیں.