لاہور: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرپٹو کرنسی کے حوالے سے کئی ٹرینڈز بن گئے جن میں #youthwantscrypto ، #TechnologyMovementDharna اور #IstandWithWaqarzaka کے ٹرینڈز شامل ہیں تاہم ٹوئٹر ٹرینڈنگ پر آج ڈیجیٹل کرپٹو کرنسی کے اتنے ٹرینڈز کیوں چل رہے ہیں؟ اس کی وجہ آپ کو بتاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسٹیٹ بینک اور حکومت پاکستان کی جانب سے ڈیجیٹل کرپٹو کرنسی پر مکمل پابندی کی سفارش کی گئی ہے، تاہم ڈیجیٹل کرپٹو کرنسی سے ملک میں نوجوانوں کی بڑی تعداد منسلک ہے جو ڈیجیٹل کرنسی کو ریگولرائز کرنے کا مطالبہ رکھتے ہیں اور کرپٹو کرنسی پر متوقع پابندی سے ناخوش نظر آرہے ہیں۔
اس حوالے سے ٹی وی میزبان اور پاکستان میں کرپٹو کرنسی انفلوئنسر وقار ذکا نے کرپٹو کرنسی کو قانونی تحفظ دینے سے متعلق درخواست بھی دائر کر رکھی ہے جبکہ ڈیجیٹل کرنسی پر پابندی کی صورت میں دھرنے کی صورت میں احتجاجی تحریک چلانے کا بھی اعلان کر رکھا ہے جس کو ٹیکنالوجی موومنٹ دھرنے کا نام دیا جائے گا۔گزشتہ روز ڈیجیٹل کرنسی کوریگولرائزکرنے سے متعلق درخواست کی سماعت جسٹس کےکےآغا کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔
دوران سماعت اسٹیٹ بینک کی ڈپٹی گورنر سیماکامل نے 38صفحات پر مشتمل رپورٹ جمع کرائی جس میں اسٹیٹ بینک اوردیگر حکومتی اداروں نے ڈیجیٹل کرپٹو کرنسی کو غیر قانونی قرار دینے کی سفارش کی ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک تصوراتی کاروبار ہے جو دہشت گردی میں بھی استعمال ہوسکتا ہے اور منی لانڈرنگ کا بھی خدشہ ہے۔
عدالت نے رپورٹ وزارت خزانہ اور وزارت قانون کو رپورٹ بھجواتے ہوئے کہا کہ دونوں ادارے اس بات کا تعین کریں گے کہ کرپٹو کو غیر قانونی قرار دیا جائے تو اس کا لیگل فریم ورک کیا ہوگا اور اس کے لئے کیا قانون سازی کی ضرورت پڑے گی۔عدالت میں یہ بھی سوال اٹھایا گیا کہ 3 مہینوں میں کرپٹو کی قانونی حیثیت کیا ہوگی؟جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے اور دیگر اداررے اپنے قوانین کے مطابق کارروائی جاری رکھیں گے۔
مقدمے کے درخواست گزار وقار ذکا نے عدالت سے درخواست کی کرپٹو کرنسی میں لوگوں کی بڑی تعداد دلچسپی رکھتی ہے،اس لئے اس کو قانونی حیثیت دی جائے۔تاہم عدالت کی جانب سے کیس کی سماعت 12اپریل تک ملتوی کی گئی ہے۔
تبصرے بند ہیں.