اومیکرون کا خطرہ، وائٹ ہاؤس کے طبی مشیر کا انتباہ جاری

18

 

واشنگٹن: امریکہ میں کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ اومیکرون تیزی سے پھیلنے لگا، وائٹ ہاؤس کے طبی مشیر نے انتباہ جاری کر دیا۔

 

امریکی میڈیا کے مطابق اومیکرون کے حوالے سے   وائٹ ہاؤس کے طبی مشیر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے امریکی عوام کو خبردار کر دیا۔ڈاکٹر فاؤچی کے مطابق  اومیکرون وائرس ممکنہ طور پر تمام افراد کو متاثر کرے گا، ویکسین اور بوسٹر شاٹس لگوانے والے افراد بھی اومیکرون کا شکار ہونگے تاہم ویکسین لینے والے  افراد میں اموات کی شرح انتہائی کم ہو گی۔

 

خیال رہے کہ  اب بھی 65 ملین امریکیوں نے ویکسین نہیں لگوائی  جس کے بعد وائٹ ہاؤس کے طبی مشیر کی جانب سے وارننگ جاری کی گئی ہے اور امریکی شہریوں کو ویکسی نیشن کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت  بھی کی گئی ہے۔

دنیا بھر کے طبی ماہرین کا ماننا ہے کہ عالمی وبا کورونا سے محفوظ رہنے کا واحد ذریعہ ویکسی نیشن ہے، ویکسین شدہ افراد میں موت کی شرح غیر ویکسین شدہ افراد کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔حالیہ  تحقیق میں بھی یہ بات سامنے آئی ہے کہ  ویکسی نیشن کا عمل مکمل کرنے والے  افراد میں موت کی شرح  انتہائی کم ہے۔

بیماری کی روک تھام کے مرکز سی ڈی سی کی ریسرچ کے مطابق ویکسین کورونا سے محفوظ بنانے میں  انتہائی موثر ثابت ہوئی ہے۔تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ 12 لاکھ  سے زائد  ویکسین شدہ امریکی شہریوں میں سے صرف  ایک سو پچاسی افراد  ہی دوبارہ کورونا کا شکار ہوئے  جن میں سے 36 افرا د انتقال کر گئے۔تحقیق میں مزید کہا گیا ہے کہ  ویکسین شدہ  افراد کا کورونا کے باعث اسپتال میں داخل ہونے کا امکان بھی 14 گنا کم ہوتا ہے۔

 

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ کورونا کی ویکسی نیشن کے بعد بوسٹر شاٹس بھی  زیادہ تحفظ فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوئے ہیں ، ان کے مطابق اسپتالوں میں ویکسین نہ لگوانے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جب کہ ویکسین شدہ افراد  اسپتال داخل ہونے سے کافی حد تک محفوظ ہیں ۔

 

 

 

تبصرے بند ہیں.