حکومت کے خلاف لانگ مارچ میں پوری قوم شریک ہو گی، مولانا فضل الرحمان

28

اسلام آباد: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اب عوام براہ راست اپنے حق کی جنگ لڑے گی۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منی بجٹ سے مہنگائی کا طوفان اٹھ کھڑا ہو گا کیونکہ حکومت کو غریب آدمی کا کوئی احساس نہیں ہے۔ حکومت کے خلاف لانگ مارچ میں پوری قوم شریک ہو گی اور اب عوام براہ راست اپنے حق کی جنگ لڑے گی جبکہ لانگ مارچ میں تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر ہوں گی۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں موٹرویز کا جال بچھایا گیا اور ن لیگ کی حکومت میں ہی بجلی کی پیداوار میں بہت زیادہ اضافہ کیا گیا اور ہم بند کمروں میں افتتاح کے قائل نہیں ہیں۔ 5 فروری کو عوامی ریلی کے ذریعے ہکلہ سے ڈیرہ اسماعیل خان تک ریلی لے کر جائیں گے اور 25جنوری کو پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بھی ہو گا جبکہ جس میں لانگ مارچ اور دیگر امور پر مشاورت کی جائے گی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں اب ملکی مفاد اور غریب آدمی کا سوچیں۔ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں فوج طلب کرنے کی مخالفت کرتے ہیں اور الیکشن کمیشن غلام بنے نہ اپنے آپ کو متنازع بنائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو رخصت کرنے کے تمام آپشن پر غور ہو گا اور حکومتی اتحادی ملکی مفاد اورغریب آدمی کا سوچیں۔ منی بجٹ اور اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف سے جوڑا جا رہا ہے جبکہ ہم اپنی معیشت کو آزاد رکھنا چاہتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.