اسلام آباد: مری اور گلیات میں جاری شدید برفباری کا طوفان تھم گیا اور تقریباً ایک ہفتے بعد دھوپ نکل آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سیاحتی مقام کی تمام مرکزی شاہراؤں کو بحال کر دیا گیا ہے جبکہ بالائی علاقوں کی سڑکیں تاحال بند ہیں۔
مری کے دیہی علاقوں میں بجلی 4 روز سے معطل ہے جبکہ شہری علاقوں میں رات گئے بجلی بحال کر دی گئی ہے، پائپ لائنوں میں پانی جم جانے کے باعث مقامی افراد اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مری اور گردونواح میں موبائل سروس متاثر اور انٹرنیٹ سروس بھی بند ہے۔ْ
دوسری جانب ترجمان جی ڈے اے کے مطابق گلیات میں مرکزی شاہراہ سے برف ہٹانے کا آپریشن جاری ہے۔برف ہٹانے کا آپریشن رات بھر جاری رہا، ترجمان جی ڈے اے کا بتانا ہے کہ ایبٹ آباد سے نتھیا گلی اور نتھیا گلی سے باڑیاں تک شاہراہ سے برف ہٹا دی گئی ،جبکہ مرکزی شاہراہ پر نمک چھڑکاؤ کے بعد سیاحوں کو جانے کی اجازت دی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ سیاحوں کا گلیات میں داخلہ تاحکم ثانی بند رہے گا۔
ڈی ایس پی ٹریفک اجمل ستی کا کہنا ہے کہ برف میں پھنسنے والی گاڑیوں کے باعث سڑک کلئیر کرنے میں مشکلات کا سامنا کر پڑا تاہم اب شاہراؤں پر پھنسی گاڑیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کلڈنہ سے باڑیاں تک روڈز کی صفائی آخری مراحل میں ہے۔
یاد رہے کہ سیاحتی مقام مری اور گلیات میں شدید برفباری کے بعد گاڑیوں میں سیاح پھنس گئے تھے اور شدید سردی کے باعث 23 سیاح ٹھٹھر کر جاں بحق ہو گئے ۔ افسوسناک سانحہ میں اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، پنڈی، مردان اور کراچی سے تعلق رکھنے والے سیاح شامل تھے ۔
تبصرے بند ہیں.