مری کی 90 فیصد سڑکیں کلیئر کرا لی گئی ہیں: ترجمان پنجاب پولیس

8

لاہور: پنجاب پولیس کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ مری کی 90 فیصد سڑکیں کلیئرکرا لی گئی ہیں اور گاڑیوں سے بچوں اور فیملیز کو نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گاڑیوں سے نکالے گئے شہریوں کو خوراک، ادویات،گرم کپڑے فراہم کئے جارہے ہیں اور ان کی مکمل دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ 
ترجمان کے مطابق گزشتہ اتوار سے کل تک مری میں ایک لاکھ 57 ہزار سے زائد گاڑیاں داخل ہوئیں اور کل شام تک ایک لاکھ 23 ہزار 920 گاڑیاں مری سے نکلیں، کل تک مری میں 33 ہزار 745 گاڑیاں موجود تھیں جبکہ 33ہزار 373 گاڑیوں کو ریسکیو کرکے نکالا جا چکا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق مری میں سیاحوں کی خالی گاڑیاں برف میں پھنسی ہیں جنہیں نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ایکسپریس ہائی وے مکمل طور پر کلیئر ہیں جبکہ گلڈنہ سے باڑیاں تک روڈ سے برف ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب بھوربن سے لوئر ٹوپہ کی جانب راستہ بھی بحال ہونے لگا ہے تاہم جھیکا گلی میں مقامی شہریوں کو بھی گیس اوربجلی بندش کا سامنا ہے جس کے باعث جھیکا گلی میں پھنسے سیاحوں اور ان کی فیملیز کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.