لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مری میں برف باری میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم دیدیا ۔ سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔پنجاب حکومت نے مری کو آفت زدہ بھی قرار دے دیا ہےاور شہر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
نیو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو 1122 کے افسران اور عملہ امدادی ریسکیو آپریشن کیلئے راولپنڈی اور دیگر شہروں سے اضافی مشینری اور عملہ مری بھجوایا جائے۔
عثمان بزدار نے حکم دیا کہ سیاحوں کو ضروری امدادی اشیاء بھی فراہم کی جائیں۔انہوں نے مری میں 19 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا شہریوں سے اپیل کی کہ مری میں ہزاروں سیاح موجود ہیں آپ اس طرف نہ جائیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو سرکاری دفاتر اور گیسٹ ہاؤسز سیاحوں کے لیے کھولنے کا بھی اعلان کیا۔
واضح رہے کہ وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے لوگ بڑی تعداد میں مری اور گلیات آچکے ہیں ۔ سیاحوں کی بہت بڑی تعداد مری میں موجود ہے ۔ مری سے پھنسے سیاحو ں کو نکالنے کے لیے فوج کی مدد طلب کر رہے ہیں۔گاڑیوں میں پھنسے 19 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد مری میں ایمرجنسی نافذ کرکے اسے آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ مری میں پھنسے لوگوں کی خوراک کا مسئلہ بھی ہے ۔ کل رات 9بجے تک مری جانے والے راستے بند کر دئیے گئے ہیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اب ہم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ غیر اعلانیہ سول مسلح افواج کی بھی مددطلب کررہے ہیں تاکہ لوگوں کو نکالاجاسکے ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ گاڑیوں میں پھنسے 19 افراد جان بحق ہوگئے ہیں۔ ایک ہزار گاڑیاں رات سے پھنسی ہوئی ہیں۔ مری جانے والے تمام راستوں کو بند کردیا گیا ہے۔
مری، گلیات اور آزاد کشمیر میں برفانی طوفان سے راستے بند ہوگئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے شدید موسمی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ راستے بند ہونے سے سیاح پھنس گئے ہیں۔ ملک بھر سے مری میں برفباری دیکھنے آئے سیاحوں نے رات سڑک پر ہی گزاری ہے۔
تبصرے بند ہیں.