ترک ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف کی آرمی چیف اور سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات

74

راولپنڈی: ترک ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف نے آرمی چیف اور سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

 

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترکی کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سیلکوک بیراک تاروگلو نے آج جی ایچ کیو میں ملاقات کی ہے۔ 

 

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سکیورٹی صورتحال اور پیشہ ورانہ باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دفاعی اورسیکیورٹی تعاون کو بڑھانے پر بھی خصوصی بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان برادر ملک ترکی کیساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور افغانستان میں امن و استحکام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جبکہ عالمی توجہ سے افغانستان میں کسی انسانی بحران سے بچا جا سکتا ہے۔

 

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں جانب سے فوجی تعاون کومزید فروغ دینے پراتفاق رائے ہوا ۔ ترک جنرل نے مسلح افواج کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کےعزم کا اعادہ کیا۔ ترک جنرل نے افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

 

قبل ازیں جنرل سیلکوک بیراک تاروگلو، ترک ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف نے آج سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے انکے دفتر میں ملاقات کی- ملاقات کے دوران دونوں معززین نے پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

 

جنرل سیلکوک بیراک تاروگلو نے پیشہ ورانہ مہارت اور ایوی ایشن انڈسٹری میں خود انحصاری کی طرف گامزن پاک فضائیہ کی تعریف کی۔ ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے جو دونوں فضائی افواج کے مابین مضبوط روابط کا مظہر ہے۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

 

تبصرے بند ہیں.