لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنی تین نسلوں کا جواب دیا اب عمران خان جواب دینے سے کیوں بھاگ رہے ہیں۔ قانون کہتا ہے کوئی بھی جماعت غیرملکی فنڈنگ نہیں لے سکتی لیکن عمران خان کی تحریک انصاف نے غیر ملکی فنڈنگ لی ہے جو ثابت ہوچکی ہے۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن تین سال سے ناکردہ گناہوں کا حساب دے رہی ہے لیکن آپ کی باری آتی ہے تو آپ چپ کرکے نکل جاتے ہیں ۔ ہم عمران خان کو بھاگنے نہیں دیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ ثاقب نثار سے پوچھتی ہوں صادق و امین کا لقب آج کہاں کھڑا ہے۔ مسلم لیگ ن کا مطالبہ ہے کہ عمران خان فوری استعفیٰ دیں۔ رپورٹ کی بنیاد پر تحریک انصاف کے خلاف کارروائی کی جائے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا اصل امتحان اب شروع ہوا ہے۔ صرف رپورٹ جاری کردینا الیکشن کمیشن کا کام نہیں بلکہ الیکشن کمیشن عمران خان کے خلاف کیس روزانہ کی بنیاد پر سننا چاہیے اور اسے منتطقی انجام تک پہنچانا چاہیے۔
مریم نواز نے اپنی پرویز رشید کی میڈیا کے حوالے سے آڈیو ریلیز پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ میری اور پرویز رشید کی پرائیویٹ گفتگو تھی اس پر معافی کیوں مانگوں ۔ معافی ان لوگوں کو مانگنی چاہیے جنہوں نے میرا فون ریکارڈ کیا ۔ ہماری ٹیلی فونک گفتگو ریکارڈ کرنے والوں کو جواب دینا چاہیے۔
ڈیل کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہمیں ڈیل کی کوئی ضرورت نہیں ۔ مسلم لیگ ن کا صرف اور صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ الیکشن صاف شفاف اور دھاندلی سے پاک ہونے چاہئیں۔
تبصرے بند ہیں.