اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے آج تک نہیں بتایا کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کیسے خریدے، آصف علی زرداری کو ملک سے نہ بھانے اور مقدمات کا سامنا کرنے پر کریڈٹ دیتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق شبلی فراز نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت آج تک یہ نہیں بتا سکی کہ لندن کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کیسے خریدے، انہوں نے رائےونڈ کے محل بنا رکھے ہیں اور قبضہ کیا ہوا ہے، انہیں غریب آدمی کا احساس کیسے ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو کریڈٹ دیتا ہوں کہ وہ ملک سے بھاگے نہیں بلکہ مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے دو پارٹی سسٹم کو توڑا جو آسان کام نہیں تھا، عمران خان نے وزیراعظم بننے کے بعد بچت پالیسی پر عملدرآمد کیا ورنہ ماضی میں تو وزیراعظم ہاؤس میں شاہانہ دعوتوں کا اہتمام ہوتا تھا۔
شبلی فراز نے کہا کہ معیشت کی صورتحال کے باعث اصل مسئلہ غریب لوگوں کا ہے اور اشرافیہ کی زندگی میں کوئی فرق نہیں آتا، وزیراعظم عمران خان غریب کی زندگی بہتر بنانے کیلئے کوشاں نہیں، انہوں نے غریب آدمی کیلئے ہسپتال بنایا اور اب صحت کارڈ کی سہولت فراہم کی ہے۔
تبصرے بند ہیں.