سرفراز احمد پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی سے قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے پرعزم

18

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میرے لئے ایک امید ہے جس میں اچھی کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش کروں گا۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرا کام کرکٹ کھیلنا ہے اور میں مستقبل کے حوالے سے اچھی توقعات کے ساتھ مسلسل محنت کر رہا ہوں۔ 
سرفراز احمد نے شاہد خان آفریدی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں خوش آمدید کہتے ہوئے ٹیم میں ان کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ وہ مشکل وقت میں ٹیم کیلئے کارکردگی دکھاتے رہے ہیں اور امید ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ان کا بہت فائدہ ہو گا۔ 
سابق ٹیسٹ کپتان محمد حفیظ کی ریٹائرمنٹ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ کیساتھ بہت زیادہ کرکٹ کھیلی ہے، اس لئے ان کی کمی تو محسوس ہو گی تاہم محمد حفیظ نے اپنے کیرئیر میں شاندار کرکٹ کھیلی ہے۔ 
انہوں نے فواد عالم کو ٹیم میں شامل کرنے سے متعلق سلیکشن کمیٹی کے سابق رکن توصیف احمد کے بیان پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ توصیف احمد اس وقت خود بھی سلیکشن کمیٹی میں شامل تھے، سلیکشن کمیٹی میں کئی باتیں راز ہوتی ہیں جو باہر نہیں آنی چاہئیں، اگر میں نے بولنا شروع کیا تو کئی لوگوں کو مشکلات پیش آئیں گی۔

تبصرے بند ہیں.