ہمیں معیشت تباہ حال ملی جسے کافی حد تک بہتر کیا جا چکا ہے، وزیراعظم

35

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پارٹی اور حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں معیشت کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ 

 

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں  ایک نکاتی ایجنڈے پر بات کی گئی۔ وزیر خزانہ شوکت ترین نے اجلاس کو مہنگائی اور معاشی صورتحال پر بریفنگ دی اور بتایا کہ نومبر کی نسبت دسمبر میں مہنگائی میں کمی ہوئی ہے اور آئندہ مہینے مہنگائی مزید کم ہو گی جبکہ عالمی سطح پر اشیا کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے۔

 

وزیراعظم نے اجلاس میں معیشت کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ معیشت کی صورتحال بہتر ہے اور معیشت کے اعدادو شمار عوام کے سامنے رکھے جائیں۔

 

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معیشت تباہ حال ملی جسے کافی حد تک بہتر کیا جا چکا ہے  جبکہ آپ کہتے ہیں معیشت بہتر اور اپوزیشن حکومت پر تنقید کرتی ہے تاہم اپوزیشن کو کسی صورت اثر انداز نہ ہونے دیں اور عوام کو حقائق بتائیں۔

 

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو آئندہ ماہ مہنگائی میں کمی سے متعلق بھی بتائیں جبکہ ہماری معاشی ٹیم کی کارکردگی تسلی بخش ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ آپ کا برانڈ وزیراعظم ہے جو چور ڈاکو نہیں، اپوزیشن اپنے چور، ڈاکو اور کرپٹ رہنماؤں کو تحفظ دیتی ہے۔ اپوزیشن کو کسی صورت حاوی نہ ہونے دیں اور انہیں آئینہ دکھائیں کیونکہ آپ کا لیڈر اپوزیشن کے لیڈروں جیسا نہیں۔

 

تبصرے بند ہیں.