پشاور: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قوم 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گی، خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں حکمران جماعت کی شکست اپوزیشن کی فتح ہے۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد میں شریک تمام جماعتیں 23 مارچ کے مہنگائی مارچ میں بھرپور طاقت کے ساتھ شرکت کریں گی۔ مہنگائی مارچ کی تیاریوں کیلئے کام کیاجائے، ہمارا مطالبہ عام انتخابات کا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہناجائز، نااہل حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے اور مہنگائی نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جبکہ موجودہ صورتحال سے نکلنا اب پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔ پوری قوم کو آواز دے رہے ہیں کہ ناجائز اور نااہل حکومت کے خلاف نکل آئیں۔
خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں میں حکمران جماعت کی شکست اپوزیشن کی فتح ہے، بلدیاتی انتخابات میں ہمیں ’وہ‘ غیر جانبدار نظر آئے اور غیر جانبدار کردار ادا کرنے والوں کو سراہتے ہیں لیکن سال 2018ءکے انتخابی عمل میں مداخلت کی گئی اور جعلی مینڈیٹ دلوایا گیا، مگر اب ’وہ‘ غیر جانبدار نظر آئے۔
جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عوام اب اس حکومت کو مزید قبول کرنے کیلئے تیار نہیں جبکہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی حکمران جماعت کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ عوام کی حقیقی رائے اب کھل کر سامنے آ رہی ہے اور قوم ثابت کرے گی کہ گزشتہ انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی جعلی تھی۔
اس موقع پر انہوں نے منی بجٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں منی بجٹ لایا گیا اور اس پر کوئی بحث نہیں کی گئی، سٹیٹ بینک نے حکومت پاکستان کو قرض نہیں دیا، جتنے بھی قرض لئے گئے وہ کمرشل بینکوں سے لئے گئے ہیں، موجودہ صورتحال سے نکلنا اب پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔
Prev Post
تبصرے بند ہیں.