لاہور میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد میں اومی کرون کی تصدیق، مجموعی تعداد 50 ہو گئی

29

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے لگا ہے اور ایک ہی روز میں 37 مزید کیسز سامنے آ گئے ہیں جن میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد بھی شامل ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ لاہور میں اومی کرون ویرئنٹ کے کیسز کی مجموعی تعداد 50 ہو گئی ہے اور آبادی میں اومی کرون وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اومی کرون وائرس پھیلنے کی شرح ڈیلٹا ویرئنٹ سے زیادہ ہے، اس لئے شہری احتیاط کریں اور ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ 
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 7 میں ایک ہی خاندان کے 12 افراد میں اومی کرون ویرئنٹ کی تصدیق کے بعد متاثرہ علاقے میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے جو 14 جنوری تک نافذ رہے گا۔
شہر قائد میں میں اب تک اومی کرون کے 44 کیسز سامنے آ چکے ہیں جبکہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 556 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے باعث حکام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ 
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید 6 افراد انتقال کر گئے جس کے باعث ملک بھر میں موذی وباءکے باعث ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 28 ہزار 933 تک جا پہنچی ہے۔

تبصرے بند ہیں.