لاہور: وفاقی وزیر توانائی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءحماد اظہر نے کہا ہے کہ حکومت کو مہنگائی کا احساس ہے اسی لئے مہنگائی کی لہر آتے ہی حکومت نے ہر گھر کو صحت کارڈ کی سہولت دی ہے تاہم حکومت کی بہتر پالیسیوں کے باعث پاکستان میں رواں سال مہنگائی میں کمی آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے سمن آباد میں ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ جب کورونا وائرس نے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا تو مہنگائی بڑھ گئی اور ابھی تک دنیا میں تاریخی مہنگائی کی لہر جاری ہے لیکن 30 سال لوٹ مار کرنے والے عوام کو نہیں بتائیں گے کہ کورونا کی وجہ سے مہنگائی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے دنیا بھر میں کارخانے بند ہو گئے اور پوری دنیا میں مہنگائی کی لہر آئی لیکن ہم نے ہر گھر کو صحت کارڈ دیا اور پناہ گاہوں کا جال بچھایا تاکہ غریب عوام کو سہولت مل سکیں، اس کے علاوہ احساس پروگرام کے تحت 200 ارب روپے بھی دئیے ہیں۔
انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکمران خراب معیشت چھوڑ کر گئے، مخالفین کی سیاسی دکانیں بند ہو چکی ہیں اور اب کسی سیاسی نوٹنکی باز کو مہنگائی کی وجہ سے کرپشن چھپانے کا موقع فراہم نہیں کریں گے جبکہ ہماری بہتری پالیسیوں کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اور رواں سال مہنگائی میں بھی کمی آئے گی۔
تبصرے بند ہیں.