شہباز شریف کا بلال یاسین سے ٹیلی فونک رابطہ، فائرنگ کی مذمت

19

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سابق صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین پر فائرنگ کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے مجرموں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی قرار دیا ہے۔ شہباز شریف نے بلال یاسین کیساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا جس دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے آپ کی زندگی محفوظ رہی۔ 
شہباز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث مجرموں کو فی الفور گرفتار کر کے انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے جبکہ انہوں نے عوام الناس سے بلال یاسین کی زندگی اور صحت کیلئے دعا کی اپیل بھی کی ہے۔ 
واضح رہے کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے معروف علاقے بلال گنج میں فائرنگ سے سابق صوبائی وزیر خوراک اور رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین زخمی ہو گئے۔ بلال یاسین لیگی کارکن سے ملاقات کیلئے ان کے گھر گئے تھے کہ نامعلوم نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی۔
پولیس کے مطابق بلال یاسین پر نقاب پوش افراد کے حملے میں انہیں 2 گولیاں لگیں، خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک گولی پیٹ اور دوسری ٹانگ میں لگی جس سے وہ زخمی ہو گئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلال یاسین کو زخمی حالت میں میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں تین گولیاں لگی ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ بلال یاسین کو گولی لگنے کے واقعے کی تحقیقات کے ذریعے حقائق جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور فیاض احمد نے بلال یاسین پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے بلال یاسین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.