وزیراعلیٰ پنجاب نے بلال یاسین پر فائرنگ کا نوٹس لے لیا

24

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے سابق صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین پر حملے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور بلال یاسین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ 
واضح رہے کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے معروف علاقے بلال گنج میں فائرنگ سے سابق صوبائی وزیر خوراک اور رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین زخمی ہو گئے۔ بلال یاسین لیگی کارکن سے ملاقات کیلئے ان کے گھر گئے تھے کہ نامعلوم نقاب پوش افراد نے فائرنگ کر دی۔ 
پولیس کے مطابق بلال یاسین پر نقاب پوش افراد کے حملے میں انہیں 2 گولیاں لگیں، خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک گولی پیٹ اور دوسری ٹانگ میں لگی جس سے وہ زخمی ہو گئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلال یاسین کو زخمی حالت میں میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ بلال یاسین کو گولی لگنے کے واقعے کی تحقیقات کے ذریعے حقائق جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 
کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور فیاض احمد نے بلال یاسین پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.