نئے پاکستان کے بعد ‘نیا لاہور’ بنانے کا اعلان

79

لاہور: پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے لاہور کیلئے انقلابی منصوبے لانے کا اعلان کر تے ہوئے لاہوریوں کو نیا لاہور دینے کا اعلان کر دیا۔

ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ماضی میں لاہور کو بے ہنگم طور پر بڑھنے دیا گیا، انہوں نے اعلان کیا کہ لاہورمیں اب بلیو روڈز بنائی جائیں گی۔حسان خاور نے کہا کہ  سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ ہمیں اپنے وسائل کو بھی سوچ سمجھ کر استعمال کرنا ہوگا۔

پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے  مزید کہا  کہ شہروں کی بہتر ترقی کیلئے ہمیں وہ ماڈل اپنانا ہوگا جو مغربی ملکوں میں بہت پہلے اپنا لیا گیا تھا۔ انہوں نے لاہوریوں کو نیا لاہور دینے کا اعلان بھی کر دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز حسان خاور نے پنجاب میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ تحصیلوں میں ای سروس خدمات فراہم کررہے ہیں جبکہ بلدیاتی اداروں کو مکمل اختیارات دے رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ محکمہ مال کا عملہ عوام کے مسائل  حل کررہا ہے، انکا کہناتھا کہ عوام نے دیکھا ہمارا بجٹ خسارا کم ہو رہا ہے۔

انہوں نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومتیں ملک کو بینک  کرپٹ کرنا چاہتی تھیں،  ان کا ایک لیڈر بیماری کا بہانہ بنا کر  لندن بھاگ گیا،  انکا کہنا تھا کہ شہبازشریف اپنے بڑے بھائی کے ضمانتی بنے تھے ،انہیں جوابدہ ہونا  پڑے گا ۔حسان خاور نے کہا کہ آصف زرداری  پنجاب میں آکر کیمپ لگانا چاہتے ہیں، ضرور آئیں دہی بھلے کھائیں اور 12 بندوں سے خطاب کر کے واپس چلے جائیں، انہوں نے اپوزیشن پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپوزیشن کو ہر طرف مایوسی کا سامنا ہے ،ان کے پاس بہتری  کیلئے کوئی ایجنڈا  موجود نہیں ہے۔

تبصرے بند ہیں.