ہالی وڈ اداکارہ نے کتے کانام آسٹریلوی نائب وزیراعظم کے نام پر رکھ دیا

57

واشنگٹن : ہالی وڈ اداکارہ ایمبر ہرڈ نے اپنےکتے کا نام  آسٹریلیا کے نائب وزیر اعظم کے نام پر رکھ دیا۔آسٹریلوی نائب وزیراعظم نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ یہ میری کامیابی ہے کہ میں اداکارہ کو یاد ہوں ۔

تفصیلات کے مطابق ہالی وڈاداکارہ ایمبر ہرڈ نے اپنے پالتو کتے کا نام آسٹریلیا کے نائب وزیراعظم بارنبی جوائس کے نام پر رکھ دیا ہے ۔ اداکارہ نے ایک ٹویٹ پیغام میں اپنے پالتو کتے کے نام کے بارے میں بتایا ۔ اداکارہ نے ٹویٹ پیغام میں لکھا ” ہرڈ فیملی کے نئے ممبر بارنبی جوائس سے ملو ” ۔

دوسری طرف آسٹریلوی نائب وزیراعظم  بار نبی جوائس نےردعمل میں کہا ہے کہ یہ میری کامیابی ہے کہ میں اداکارہ کو ابھی تک یاد ہوں انہوں نے  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اداکارہ کی طرف سے میرے نام پر اپنے کتےکانام رکھنے کی کوئی پریشانی نہیں ہے ۔

یاد رہے کہ  ہالی وڈ اداکار جوہنی ڈیپ کی سابقہ اہلیہ واداکارہ ایمبر ہرڈ اور آسٹریلیا کے موجودہ نائب وزیر اعظم کے درمیان 2015 میں آسٹریلیا کے دورے کے  دوران پالتو کتوں کے قرنطینہ کی خلاف ورزی کے حوالے سے ایک تنازع کھڑا ہوا تھا ۔

ایمبر ہرڈ نے 2015 میں اپنے شوہر سے ملنے کیلئے آسٹریلیا کا دورہ کیا،جہاں ڈیپ پائریٹس آف دی کیریبیئن فرنچائز کے پانچویں ایڈیشن کی شوٹنگ کر رہے تھے۔دونوں اداکار  آسٹریلوی حکام کو بغیر بتائے اپنے پالتو کتے پسٹول اور بو کے ساتھ نجی طیارے کے ذریعےآسٹریلوی ریاست کوئنز لینڈ پہنچے،جس پر اس وقت کے وزیر زراعت بارنبی جوائس (جو اب موجودہ ڈپٹی وزیر اعظم ہیں )نے کہا تھا کہ وہ جوہنی ڈیپ ہے اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ آسٹریلوی قانون سے مستثنیٰ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ ہمارے ملک میں جانوروں کو لانا چاہتے ہیں تو اس کا ایک طریقہ کار ہے  جس کیلئے آپ کو اجازت لینا تھی اور پھر ان جانوروں کو قرنطینہ میں بھیجا جاتا لیکن آپ نے ایسا نہیں کیا اس لیے ہالی وڈ اداکاروں کے پالتوں کتوں کو دوبارہ امریکا بھیجا جائے۔

واضح رہے کہ 2016 ایمبر ہرڈ پر اپنے پالتو کتوں کی  امیگریشن کی جھوٹی دستاویز فراہم کرنے کے جرم کا اعتراف کرنے کے بعد ایک ہزار امریکی ڈالر کا جرمانہ کیا گیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.