زیادتی کیس، یاسر شاہ کے دوست کی ضمانت منظور

28

اسلام آباد: عدالت نے زیادتی کیس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ کے دوست فرحان الدین کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج عطاءربانی نے 5 جنوری تک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جبکہ عدالت نے پولیس کو نوٹس جاری کرکے آئندہ سماعت تک جواب طلب کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ کرکٹر یاسر شاہ کے دوست فرحان الدین پر لڑکی سے زیادتی کا مقدمہ درج ہے جبکہ یاشر شاہ مقدمہ میں جرم میں معاونت کرنے پر شامل ہیں۔ لڑکی نے یاسر شاہ کے دوست پر زیادتی اور بلیک میل کرنے کے الزامات عائد کئے ہیں اور کہا ہے کہ جب اس معاملے میں انہوں نے یاسر شاہ سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ میں انٹرنیشنل کرکٹر ہوں، تمہیں مقدمات میں پھنسوا دوں گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس معاملے پر جاری بیان میں کہا تھا کہ ہمارے علم میں یہ بات آئی ہے کہ ہمارے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی پر الزامات عائد کئے گئے ہیں اور ہم اس بارے میں مزید معلومات اکٹھی کر رہے ہیں جس کے بعد ہی باقاعدہ بیان جاری کیا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.