راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترکی کے چیف آف جنرل سٹاف نے ملاقات کی جس دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترکی کے چیف آف جنرل سٹاف نے ملاقات کی جس دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال اور پیشہ وارانہ امور پر بات چیت کی گئی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی تاریخ ثقافتی، مذہبی وابستگی میں جڑی ہوئی ہے اور ترکی کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں امن و مفاہمت کے اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیا جبکہ ترک چیف آف جنرل سٹاف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔
تبصرے بند ہیں.