شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنیوالی ثناء خان کو عظیم سعادت مل گئی

102

لاہور: شوبز کی دنیا کو چھوڑ کر نئی زندگی کی شروعات کرنے والی سابق اداکارہ ثناء خان ان دنوں اپنے شوہر مفتی انس کے ہمراہ سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کیلئے موجود ہیں، تاہم عمرہ کے علاوہ انہیں ایک اور عظیم سعادت حاصل ہوئی ہے۔

بھارت کے مقبول ترین  رئیلٹی شو بگ باس کے سیزن 6  اورمتعدد فلموں وٹی وی ڈراموں میں کام کرنیوالی ثناء خان نے گزشتہ سال اکتوبر میں اسلام کے لیے شوبز  کو خیرباد کہہ دیا تھا ۔تاہم شوبزچھوڑنے کے باوجود ثناء خان کے فالوورز کی اب بھی بڑی تعداد موجود ہے جو ان کی نئی زندگی سے متعلق باخبر رہنا چاہتے ہیں جبکہ  ثناء بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے ان فالوورز سے جڑی رہتی ہیں۔

ثناء خان نے انہی فالوورز کیلئے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شئیر کی جس میں وہ  غلاف کعبہ  پرسونے کی تاروں سے کڑھائی کر رہی ہیں۔اس عظیم سعادت کے حاصل ہونے پر انہوں نے اپنی خوشی کااظہار کرتے ہوئے بتایا کہ کبھی خواب میں بھی ایسا نہیں سوچا  کہ اللہ نے ان کے نصیب میں یہ حیرت انگیزلمحہ لکھا ہے، اللہ بہت مہربان ہے۔


ثناء نے اپنی اس پوسٹ میں اپنے خاوند  مفتی انس کو بھی ٹیگ کرتے ہوئے لکھاکہ میں نے اپنی زندگی میں کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں غلاف کعبہ( کسوہ) کا کچھ حصہ سینے کی سعادت حاصل کرونگی۔ انہوں نے  اس یادگار تجربے  کا موقع دینے پر  سعودی حکومت اور اپنے شوہر مفتی انس کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یاد رہے کہ ثناءخان نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد  بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس سے شادی کی تھی، اس موقع پر انکا کہنا تھا  کہ  انہوں نے آپس کی رضامندی اور اللہ تعالی کی رضا کیلئے شادی کی۔

تبصرے بند ہیں.