محمد عامر کا معاملہ خراب ہونے کے پیچھے میڈیا اور بورڈ کا ہاتھ تھا: شاہد آفریدی

156

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور جارح مزاج بلے باز شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ فاسٹ باؤلر محمد عامر کا معاملہ خراب ہونے کے پیچھے میڈیا اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کردار تھا، بورڈ کو کھلاڑیوں کیساتھ بیٹھ کر بات کرنی چاہئے نہ کہ میڈیا کے ذریعے انہیں فیصلے سے آگاہ کیا جائے۔ 
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے محمد عامر کے معاملے پر سنجیدگی نہیں دکھائی اور بہت اچھے کھلاڑی کو ضائع کر دیا، عامر کو اختیار حاصل ہے وہ چاہے ایک فارمیٹ کھیلے یا تمام، لیکن معاملے کو خراب کرنے میں بورڈ کو قصور وار سمجھتا ہوں۔
کوچز کے حوالے سے سوال پر سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی ہر ٹور پر الگ کوچ کی پالیسی سے اختلاف کرتا ہوں، اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر دورے میں پرفارمنس اچھی نہیں تھی تو اس کی ذمہ داری کون لے گا کھلاڑی یا کوچ؟ مصباح الحق جیسے کرکٹرز کو ٹیسٹ کرکٹ میں کوچ ہونا چاہیے اور ون ڈے اور ٹی20 میں الگ ہونا چاہیے۔
ڈیپارٹمنٹل کرکٹ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بات سمجھنی چاہیے کہ انکی ہر بات صحیح نہیں ہوسکتی، آسٹریلیا کا سسٹم ہمارے ملک میں نہیں چل سکتا، آپ کو کھلاڑیوں سے بات کرنی چاہئے تھی، مجھے لگتا ہے کہ اس وقت کے چیئرمین پی سی بی نے وزیراعظم کو سمجھایا نہیں۔ 

تبصرے بند ہیں.