خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات میں شکست، وزیراعظم نے سپریم کمیٹی قائم کر دی

51

اسلام آباد: خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں شکست کے بعد وزیراعظم پاکستان عمران خان نے صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے محاذ کے حوالے سے 21 رکنی سپریم کمیٹی قائم کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سپریم کمیٹی کا پہلا اجلاس آج اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہو گا جس میں خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے سیاسی لائحہ عمل طے کیا جائے گا جبکہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابی معرکے سے متعلق اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بلدیاتی انتخابات کے اگلے محاذ کیلئے قبل از وقت صف بندی کرے گی، اجلاس میں پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار، گورنر چوہدری محمد سرور، وزیر بلدیات محمود الرشید، سینیٹر سیف اللہ نیازی، عامر کیانی، وفاقی وزراءفواد چوہدری، حماد اظہر اور شفقت محمود بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا سے وزیراعلیٰ محمود خان، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر مواصلات مراد سعید بھی اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ اجلاس میں پنجاب میں پہلے مرحلے میں ڈویژن ہیڈ کوارٹرز پر میٹرو پولٹین کیلئے امیدواروں کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور راولپنڈی کیلئے میئرز کے پارٹی امیدواروں کا بھی اجلاس میں جائزہ لیا لینے کیساتھ ساتھ ڈیرہ غازی خان، ملتان، ساہیوال، بہاولپور اور سرگودھا میں میٹرو پولٹین کے میئرز کے امیدواروں کے ناموں پر بھی غور کیا جائے گا۔ 

تبصرے بند ہیں.