گوگل کا لیجنڈری آرٹسٹ معین اختر کو زبردست خراج تحسین

67

لاہور: پاکستان کے مقبول ترین لیجنڈری آرٹسٹ معین اختر کی 72 ویں سالگرہ پر گوگل نے اپنے ڈوڈل سے انہیں شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گوگل نے  فنکار، ہوسٹ اور مزاح سے بھرپور  پاکستانی اداکار مرحوم معین اختر کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے اپنے ویب سائیٹ ڈوڈل پر معین اختر کی تصاویر سجادیں , جن میں لیجنڈ  اداکار کے مختلف کردار کی تصویریں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ معین اختر 24 دسمبر 1950 کو شہر قائد میں پیدا ہوئے ، انہوں نے فنی کیرئیر کا آغاز 6ستمبر 1966ء کو پاکستان کے پہلے یوم دفاع کی تقریب کے پروگرام سے کیا ، 14 برس کی عمر سے ہی تھیئٹر پر کام کا آغاز کرنے والے معین اختر نے  شیکسپیئر کے ڈراموں میں شاندار اداکاری سے اپنا لوہا منوا لیا، جبکہ پی ٹی وی پر’ انتظار فرمائیے’ میں بھی معین اخترکا کردار خاصا مقبول ہوا۔معین اختر کے  دیگر مقبول ٹی وی ڈراموں اور پروگرام میں روزی، بندر روڈ سے کیماڑی، آنگن ٹیڑھا، اسٹوڈیو ڈھائی، اسٹوڈیو پونے تین، یس سر نوسر، عید ٹرین،مرزا اور حمیدہ، ہاف پلیٹ ،بکرا قسطوں پہ، کچھ کچھ سچ مچ، اور کئی مشہور اسٹیج ڈرامے آج بھی لوگوں میں بے پناہ مقبول ہیں۔معین اخترنے ریڈیو ٹی وی اور فلم میں کام کیا، 44 سال تک کامیڈی، اداکاری، گلوکاری اور پروڈکشن سمیت شوبز کے تقریباً تمام شعبوں میں ہی کام کیا۔

 

معین اختر  کی خدمات کے اعتراف میں ان کو  صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔
لیجنڈری آرٹسٹ معین اختر 22 اپریل 2011ء کوکراچی میں دل کا دورہ پڑنے سے دنیا سے رخصت ہو گئے لیکن ان کی نام آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

تبصرے بند ہیں.