سلامتی کونسل میں افغانستان کیلئے انسانی امداد سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور

33

نیو یارک: سلامتی کونسل نے امریکا کی جانب سے پیش کی گئی افغانستان کے لیے انسانی امداد سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔

 

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے  مطابق  بدھ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر امریکا کی جانب سے تجویز کردہ ایک قرارداد کو منظور کیا جس کے تحت افغانستان کے لیے انسانی امداد کی سہولت فراہم کی جا سکے گی۔ منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ’فنڈز کی ادائیگی، دیگر مالیاتی اثاثوں یا اقتصادی وسائل اور امداد کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے یا ضروری سامان اور خدمات کی اجازت ہے۔

 

 قرارداد میں مزید کہا گیاہے کہ اس طرح کی امداد افغانستان میں بنیادی انسانی ضروریات سے متعلق ہے اور یہ طالبان سے منسلک اداروں پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی نہیں ہے۔

 

اس کے علاوہ امریکی وزارت خزانہ نے بھی افغانستان کے لیے رقوم کی ترسیل میں نرمی کردی ہے اور افغانستان میں فعال غیرسرکاری فلاحی اداروں کو فنڈ کی فراہمی کے لیے خصوصی لائسنسزجاری بھی کردیے ہیں۔

 

دوسری جانب طالبان نے بدھ کو قرار داد کا خیر مقدم کیا۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد  نے قراردادکو سہراتے ہوئے کہا کہ’ اس سے افغانستان کی معاشی صورتحال کو مدد مل سکتی ہے’۔

 

 انہوں نے مزید کہا کہ مجھے  امید ہے کہ عالمی برادری  ہم پر اقتصادی اور بینکنگ پابندیوں کو ہٹانے میں بھی جلدی کا مظاہرہ کرے گی ۔

 

تبصرے بند ہیں.