اگر حکومت سے جان نہ چھڑوائی تو پاکستان کا خدا حافظ ہو گا، شہباز شریف

52

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے خاتمے کا وقت آ گیا، کارکن تیاری کریں۔

 

کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور پارلیمنٹ میں قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ساڑھے 3 سال میں معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ہے اور جنازہ نکال دیا ہے جبکہ لاکھوں لوگ بے روزگار ہو چکے اور 50 لاکھ گھر تو کجا کمرے کی اینٹ تک نہیں رکھی، جنگلہ بس پر 70 ارب روپے کا طعنہ دیا جاتا رہا کنٹینر پر تاہم عمران خان نے کے پی میں نہ اسپتال نہ یونیورسٹی بنائی بی آر ٹی کی بس چلتی اور آگ لگتی رہی،  بی آر ٹی پر 20 کلومیٹر کے لئے 20 ارب روپے لگائے گئے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے ساڑھے 3 سال نوازشریف کے منصوبوں پر تختیوں پر تختیاں لگائیں، اگر تختیاں لگانے کا شوق تھا تو آپ کو تختیاں لگانے پر لگا دیتے،  خان صاحب  کے پی میں شکست پر تختیاں لگا رہے ہیں، اب تختیوں سے بات نہیں بنے گی آپ کا دھڑن تختہ ہونے والا ہے، جنہوں نے ووٹ دئیے ان کو بھی آپ نے برباد کیا، وقت آ گیا ان کا گریبان ہو اور عوام کا ہاتھ ہو۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ  قائد اعظم کی روح تڑپتی ہوگی کہ 74  سال کے بعد کون سا حکمران آ گیا ہے اور پاکستان کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیا ہے، بجلی ہونے کے باوجود بجلی نہیں گیس ہونے کے باوجود گیس نہیں، جب کہ اتنی مہنگی گیس خریدی جا رہی ہے جبکہ اربوں کھربوں روپے کی کرپشن کو پر لگ گئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چاول، گیس، ادویات اور مالم جبہ کے بڑے بڑے اسکینڈل آئے لیکن کسی پر جوں نہ رینگی، نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے جسے تین سال پہلے کہا تھا، نیب نیازی گٹھ جوڑ کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے، کارکنان تیاری کریں، دھاندلی کی پیداوار حکومت  اور مہنگائی کے خلاف اور اس کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے، اگر حکومت سے جان نہ چھڑوائی تو پاکستان کا خدا حافظ ہوگا۔

 

تبصرے بند ہیں.