اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات میں شکست کی وجوہات جاننے اور سیاسی صورتحال پر غور کیلئے وزیراعلیٰ محمود خان کو طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جہاں وہ وزیراعظم سے ملاقات کریں گے اور انہیں بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر بریف کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ دیں گے کہ بلدیاتی انتخابات میں کہاں، کہاں اور کیوں شکست ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ساتھ نہ دینے والے اراکین پارلیمینٹ اور سینئر رہنماؤں کی نشاندہی بھی کی جائے گی اور وزیراعظم کو ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق بھی آگاہ کیا جائے گا جبکہ عمران خان بلدیاتی انتخابات کے اگلے مرحلے کی حکمت عملی کیلئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کو گائیڈ لائنز بھی دیں گے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں پہلے مرحلے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جے یو آئی (ف)نے حیران کن کارکردگی دکھائی اور صوبے میں حکمران جماعت پی ٹی آئی کو اپنے ہوم گراؤنڈ کے متعدد اضلاع میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
نتائج کے مطابق جے یو آئی ف کے امیدواروں نے کوہاٹ اور بنوں میں مئیرشپ کی نشستیں جیت لی ہیں جبکہ پشاور میں مئیر کی نشست پر پارٹی امیدوار زیبر علی کو فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
اس کے علاوہ پشاور کی دیگر چھ تحصیلوں میں سے 4 تحصلیوں کی چیئرمین شپ بھی جے یو آئی (ف)کے امیدوار لے اڑے جبکہ ایک نشست اے این پی اور ایک پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کے حصہ میں آئی۔
تبصرے بند ہیں.